سورۂ رحمٰن کی تلاوت نے کینسر سے صحت یابی میں اہم کردار ادا کیا: نعمان اعجاز
پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ سورۂ رحمٰن کی روزانہ تلاوت کی بدولت وہ کینسر جیسے موذی مرض سے معجزانہ طور پر صحت یاب ہو گئے۔
نعمان اعجاز نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران اپنی اس مشکل بیماری اور معجزانہ شفایابی کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں جون 2024 میں ان کے کان کے قریب ایک رسولی اور معدے میں لِمفوما کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے نہ صرف اللہ تعالیٰ سے دعا کی بلکہ روزانہ سورۂ رحمٰن کی تلاوت بھی شروع کردی۔
اداکار نے بیماری کی تشخیص کے دن کی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا، ’میں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ غلط نہیں کیا، کسی کا پیسہ نہیں لیا اور کسی کو دھوکا نہیں دیا، اس لیے مجھ پر رحم فرما۔‘
نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے یہ بھی دعا کی کہ اگر ان کی زندگی کا مقصد پورا ہو چکا ہے تو انہیں جلد اپنے پاس بلا لیا جائے، کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کے اہل خانہ بیماری، اسپتالوں اور کیموتھراپی جیسے مشکل مراحل سے گزریں۔
انہوں نے بتایا کہ بیماری کے دوران ان کی ایک عادت بھی بدل گئی۔ وہ رات کو سونے سے پہلے مختلف آیات اور دعائیں پڑھنے لگے کیونکہ انہیں یہ خوف رہتا تھا کہ شاید وہ اگلی صبح آنکھ نہ کھول سکیں۔
نعمان اعجاز کے مطابق بیماری کی تشخیص کے بعد ان کے دوست گوہر بٹ نے انہیں سورۂ رحمٰن کی تلاوت کرنے کا مشورہ دیا۔ اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے اداکار نے روزانہ سورۂ رحمٰن پڑھنا شروع کردی۔
نعمان اعجاز نے اپنی صحت یابی کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یقین ہے کہ سورۂ رحمٰن نے ان کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ، کان کے قریب موجود رسولی کا آپریشن کیا گیا، جبکہ معدے میں موجود لِمفوما بعد کے اسکینز میں نظر نہیں آیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ صورتحال ان کے لیے بھی حیران کن تھی، کیونکہ ڈاکٹروں نے جولائی 2024 میں کیموتھراپی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا، ’مجھے بہت حیرت ہوئی کیونکہ جولائی میں میری کیموتھراپی شروع ہونی تھی۔ اللہ تعالیٰ مجھ پر بہت مہربان رہے ہیں۔‘