اداکارہ رمشا خان نے سوشل میڈیا سے مکمل دوری کی وجہ بتا دی
پاکستانی اداکارہ رمشا خان گزشتہ کئی ماہ سے شوبز اور سوشل میڈیا کی دنیا سے تقریباً مکمل طور پر غائب ہیں۔ شادی کے بعد ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں کمی اور پھر انسٹاگرام اکاؤنٹ کے غائب ہونے پر مداحوں کی جانب سے مختلف سوالات کیے جا رہے تھے، تاہم اب ان کے قریبی ذرائع سے سامنے آنے والی باتوں نے صورتِ حال کافی حد تک واضح کردی ہے۔
رمشا خان نے رواں برس اپریل میں ساتھی اداکار خوشحال خان سے شادی کی تھی۔ دونوں نے ابتدا میں اپنی شادی کو نجی رکھنے کی کوشش کی، لیکن بعد میں ان کے نکاح کی مبینہ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آگئیں۔ اس واقعے کے بعد رمشا نے سوشل میڈیا پیجز کو اپنی نجی زندگی کو شہرت حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنے پر سخت ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔
شادی کے بعد رمشا نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ یا ممکنہ طور پر ڈی ایکٹیویٹ کردیا اور خود کو عوامی توجہ سے مزید دور کرلیا۔ گزشتہ دنوں ان کی بہن علیشا خان کی شادی کی تقریبات ہوئیں تو رمشا کی غیر موجودگی نے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
علیشا خان نے اپنی شادی کی تقریبات کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں، لیکن ان میں رمشا خان تقریباً کہیں دکھائی نہیں دیں۔ اس صورتحال پر مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا جبکہ کچھ لوگوں نے قیاس کیا کہ شاید رمشا اور خوشحال نے ماسک پہن کر تقریبات میں شرکت کی ہو، تاہم اس بارے میں کوئی واضح تصدیق سامنے نہیں آئی۔
اب صحافی اور میزبان حسن چوہدری نے ایک پوڈکاسٹ میں رمشا خان اور خوشحال خان سے اپنی براہِ راست گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے صورتحال واضح کی۔
حسن چوہدری کے مطابق انہوں نے دونوں سے بات کی ہے اور رمشا خان نے انہیں بتایا کہ وہ اب دوبارہ کیمرے کے سامنے نہیں آنا چاہتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمشا اپنی زندگی میں بہت خوش ہیں اور سوشل میڈیا سے دوری ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔
حسن چوہدری نے بتایا کہ جب انہوں نے رمشا سے پوچھا کہ آخر کیا ہو رہا ہے تو اداکارہ نے جواب دیا، ’’میں دوبارہ کیمرے کے سامنے نہیں آنا چاہتی۔‘‘ ان کے مطابق رمشا نے انہیں یہ بھی واضح کیا کہ وہ خوشحال خان کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی میں خوش ہیں۔
رمشا خان کے شوبز سے دور ہونے کے معاملے پر بھی سوشل میڈیا پر مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں۔ بعض افراد کا خیال ہے کہ شادی کے بعد اداکارہ نے کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا، جبکہ کچھ لوگوں نے اس کا تعلق ان کے شوہر سے جوڑنے کی کوشش کی۔ تاہم حسن چوہدری کے مطابق اداکاری سے وقفہ لینے کا فیصلہ بھی رمشا کا اپنا ہے اور وہ شادی سے پہلے بھی کئی مواقع پراس حوالے سے اشارے دے چکی تھیں۔