بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کے لیے 14 ستمبر سے نادرا کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایک نیا سفری ہدایت نامہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت 14 ستمبر 2026 سے بیرون ملک جانے والے تمام مسافروں کے لیے ’نادرا‘ کا جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 14 ستمبر کے بعد مسافروں کو نادرا کے جاری کردہ ویکسینیشن ریکارڈ کے بغیر بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

مسافروں کے لیے لازمی قرار دی گئی ویکسینز میں پولیو، گردن توڑ بخار (میننجائٹس)، یلو فیور (زرد بخار) اور ’انفلوئنزا‘ شامل ہیں۔

اعلامیے میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری سے ہی ویکسین لگوائیں اور روانگی سے قبل نادرا کا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی حاصل کریں۔

محکمے نے عمرہ زائرین کو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنا نادرا ویکسینیشن کارڈ لازماً حاصل کر لیں۔ ایئرلائنز کو بھی مسافروں کو طیارے میں سوار کرنے سے قبل ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کی تاکید کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اگلے چند روز میں ایئرپورٹ پر بھی ویکسینیشن اور نادرا کے سرٹیفیکیٹ کے اجراء سے متعلق سہولت فراہم کر دی جائے گی تاہم ویکسسین لگوانے کے خواہش مند مسافروں کو پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم چھ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بھی اس ہدایت نامے کی روشنی میں بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف کا حصول لازمی قرار دیا ہے۔

Related posts