عوام کی خوشحالی کے لیے جہاز پر جہاں جانا ہوا، جاؤں گی: مریم نواز کا تنقید پر جواب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نجی دورے کے لیے پنجاب حکومت کے لگژری طیارے کے استعمال پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ کا کوئی دورہ نجی نہیں ہوتا، وہ جہاں بھی ہوں عوام کی خدمت میں مصروف ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کے استعمال سے وقت بچتا ہے اور ان کے پاس ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں، اس لیے عوام کی خوش حالی کے لیے جہاں ضرورت ہوگی، وہ جہاز پر ہی سفر کریں گی۔
ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج کل ان کے جہاز سے سفر کرنے پر بہت تنقید کی جا رہی ہے اور تنقید کرنے والوں کو ’9 ارب کے جہاز‘ سے بڑی تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ جہاز ان کا ذاتی نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا طیارہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب کے دوران متاثرین تک پہنچنے کے لیے انہوں نے کشتیوں پر بھی سفر کیا، تاہم دوسرے ملک میں سفر کے لیے موٹر سائیکل یا چنگ چی رکشے کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے زیرِاستعمال وسائل میں سب سے قیمتی چیز وقت ہے۔ جہاز کے ذریعے سفر کرنے سے وقت کی بچت ہوتی ہے اور میرے پاس وقت ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خوش حالی کے لیے جہاں جانا ہوگا، وہ طیارے پر ہی جائیں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جہاز کے استعمال پر آنے والے پونے 3 کروڑ روپے کے اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر تنقید اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ میں کام کر رہی ہوں اور یہ تنقید مجھ پر نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی پر کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے رواں ماہ کے آغاز میں اپنی بیٹی ماہ نور صفدر کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا دورہ کیا تھا۔ اس نجی سفر کے لیے انہوں نے پنجاب حکومت کا ’گلف اسٹریم جی 500‘ نامی طیارہ استعمال کیا تھا۔
یہ وہی لگژری طیارہ ہے جس کی خریداری پر پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
نجی دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال پر تنقید کے بعد جمعرات کے روز وزیراعلیٰ پنجاب نے عمر عباس نامی شخص کے ذریعے قومی خزانے میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی رقم جمع کرا دی ہے۔ یہ رقم بینک آف پنجاب کے چیک سے نیشنل بینک آف پاکستان کی ویلنشیا برانچ لاہور میں جمع کروائی گئی ہے۔