حکومت کا تمام فعال پٹرول پمپس کو فیول سبسڈی اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم کی خصوصی فیول سبسڈی اسکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت نے اسکیم کی رسائی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام فعال پٹرول پمپس کو نظام میں شامل کرنے اور انٹرنیٹ سے محروم علاقوں میں ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز ریڈیم کرنے کی سہولت دینے کی ہدایت کی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں زیادہ تر پٹرول پمپس اسکیم کے نظام پر فعال ہوچکے ہیں، جب کہ شہری فیول ٹوکنز استعمال کررہے ہیں۔ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر جاری ہے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں، وہاں موجود پٹرول پمپس پر ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز ریڈیم کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ انٹرنیٹ سے محروم علاقوں میں موجود پٹرول پمپس کی فہرستیں فراہم کی جائیں، تاکہ انہیں فوری طور پر اسکیم کے نظام میں شامل کیا جاسکے۔
اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ادائیگیوں سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران موصول ہونے والے تمام ادائیگی کے کلیمز مکمل طور پر ادا کردیئے گئے، جب کہ روزانہ موصول ہونے والے کلیمز کو اسی روز پراسیس کرکے نمٹایا گیا۔
نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہر کھلے اور فعال پٹرول پمپ کو فیول سبسڈی اسکیم کے نظام میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے مستقل طور پر بند پٹرول پمپس اور صرف ڈیزل فروخت کرنے والے پمپس کی نشاندہی کرکے انہیں فہرست سے خارج کرنے کی ہدایت بھی کی۔
کمیٹی کے مطابق پٹرول پمپس کی فہرست کو زمینی صورتِ حال کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کا مقصد اسکیم کی کوریج کو مؤثر بنانا اور اہل افراد کو ریلیف کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کرنا ہے۔
اسحاق ڈار نے صوبائی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی ریلیف مستحق افراد تک بلا رکاوٹ پہنچایا جائے۔