جب تک پیٹرولیم لیوی کا بھتہ جاری رہے گا، احتجاج نہیں رُکے گا: امیر جماعتِ اسلامی
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پیٹرول لیوی کا بھتہ جاری رہے گا، احتجاج بھی جاری رہے گا۔
جماعت اسلامی نے اسلام آباد لانگ مارچ آج سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے قافلے بذریعہ ٹرین کراچی سے ملتان پہنچیں گے، جس کے بعد لاہور اور اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ مظاہرین کا آخری پڑاؤ ڈی چوک ہوگا۔
لانگ مارچ اور احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت ایک بار پھر کنٹینرز کا شہر بن گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے ہیں، جبکہ ریڈ زون کے چاروں اطراف مختلف راستوں پر کنٹینرز کھڑے کردیئے گئے ہیں۔
اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے، جبکہ شہر کے داخلی راستوں اور حساس مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اُدھر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جب تک لیوی کا بھتہ جاری رہے گا، احتجاج بھی جاری رہے گا اور جب تک عوام کو ریلیف نہیں ملے گا، احتجاج کا دائرہ بھی بڑھتا رہے گا۔
کراچی میں مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دے، کیونکہ جب لیوی کا بھتہ ختم ہوگا، تب ہی احتجاج بھی ختم ہوگا۔