اسلام آباد: پی ٹی آئی کے لیے جتھہ تیار کرنے کے الزام میں خاتون سمیت 2 افراد پر مقدمہ

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے لیے مبینہ طور پر جتھہ تیار کرنے کے الزام میں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں خاتون سمیت 2 افراد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت امین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے 3 ساتھی فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ مقدمے میں فرار ہونے والے تینوں نامعلوم افراد کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزم کے موبائل فون سے ایک خاتون کی آڈیو ریکارڈنگ ملی، جس کے بارے میں ملزم نے دورانِ تفتیش بتایا کہ فاطمہ نامی خاتون نے اسے جتھہ تیار کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ خاتون نے احتجاج میں شرکت کے لیے نوجوانوں کو مبینہ طور پر بھرتی کیا اور انہیں تربیت بھی دی۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس نے مقدمے میں بغاوت سمیت دیگر دفعات شامل کی ہیں، تاہم مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

Related posts