نیتن یاہو اور یو اے ای کے صدر کی ملاقات ہوئی ہے: اماراتی سرکاری خبر ایجنسی کی تصدیق

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتِ حال پر بات چیت کی۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے ڈبلیو اے ایم (وام) نے دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو نے اتوار کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اماراتی صدر سے ملاقات کی۔

اماراتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ نیتن یاہو کے دورے کی متحدہ عرب امارات کی جانب سے پہلی باضابطہ تصدیق ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی پیر کو نیتن یاہو کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ اماراتی صدر کی دعوت پر کیا گیا۔

دفتر کے بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور خطے کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی۔

تین سینئر اسرائیلی حکام کے مطابق نیتن یاہو اور شیخ محمد بن زاید کے درمیان ملاقات تقریباً 6 گھنٹے جاری رہی اور اس میں ایران سے متعلق معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے ساتھ جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات بھی حملوں کی زد میں آیا تھا۔ اس کے بعد امارات نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کیے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے 2020 میں ’ابراہیم معاہدوں‘ کے تحت اسرائیل کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ ان تعلقات کے ذریعے امارات کو خطے میں اپنے اثر و رسوخ بڑھانے کے ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ رابطے کا ایک اہم ذریعہ بھی حاصل ہوا ہے۔

اس سے قبل رواں برس مئی میں اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے دعویٰ کیا تھا کہ نیتن یاہو نے امارات کا خفیہ دورہ کیا اور شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی، تاہم متحدہ عرب امارات نے اس ملاقات کی تردید کی تھی۔

ملاقات سے واقف ایک ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ نیتن یاہو اور اماراتی صدر کی ملاقات 26 مارچ کو ابوظبی کے علاقے العین میں ہوئی تھی۔ العین ایک نخلستانی شہر ہے جو عمان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

حالیہ ملاقات کے بارے میں اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے کی تصدیق سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کی باضابطہ طور پر دوبارہ وضاحت سامنے آئی ہے۔

Related posts