دوسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز کا بھارت کو جیت کے لیے 406 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف

دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو جیت کے لیے 406 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا ہے۔

بھارتی شہر گوہاٹی میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 405 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جان کیمبل اور کیسی کارٹی نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 37 کے اسکور پر ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، کیسی کارٹی صرف 9 رنز بنانے کے بعد پرسدھ کرشنا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد جان کیمبل نے کپتان شائی ہوپ کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور کیمبل نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس لگا کر بھارتی بولروں کی خوب درگت بنائی اور اس دوران انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم ٹیم کا اسکور 147 رنز تک پہنچا تو جان کیمبل 9 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 101 رنز بناکر گرنور برار کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

جان کیمبل کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ویسٹ انڈیز کے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا، اس کے بعد کریز پر آئے عامر جانگو نے شائی ہوپ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 329 تک پہنچایا اور اس دوران شائی ہوپ اور عامر جانگو نے بھی اپنی سنچریاں مکمل کیں اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 182 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جان کیمبل، شائے ہوپ اور امیر جنگو نے سنچریز بنائیں، ون ڈے کرکٹ میں چھٹی بار ایسا ہوا کسی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں نے سنچریز اسکور کیں۔

329 کے اسکور پر شائی ہوپ 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بناکر کلدیپ یادیو کا شکار گئے۔ اس کے بعد 330 رنز پر ویسٹ انڈیز کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا، شیرفین ردرفورڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

348 کے اسکور پر عامر جانگو بھی 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 114 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 369 رنز پر کیمو پال صرف 3 رنز بناکر چلتے بنے جب کہ 385 کے اسکور پر الزاری جوزف 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے علاوہ روسٹن چیز 29 اور شمر جوزف 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح ویسٹ انڈیز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 405 رنز بنائے اور بھارت کو میچ جیتنے اور سیریز میں برتری مستحکم کرنے کے لیے 406 رنز کا ہدف دیا ہے۔

بھارت کی جانب سے گورنور برار، رویندر جدیجا اور کلدیپ یادیو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ پرسدھ کرشنا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

میچ کا ٹاس

بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں گوہاٹی میں مدمقابل ہیں، جہاں بھارتی کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان شبھمن گل کا کہنا تھا کہ گوہاٹی کی پچ پر پہلے میچ کے مقابلے میں گھاس زیادہ ہے، جس کے باعث ابتدائی اوورز میں فاسٹ بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ٹیم اپنی صلاحیت کے مطابق مطلوبہ ہدف حاصل نہیں کرسکی اور کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔

بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جموں و کشمیر کے آل راؤنڈر عاقب نبی اپنا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کر رہے ہیں جب کہ نتیش کمار ریڈی کو پلیئنگ الیون سے باہر کردیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے دوسرے ون ڈے کے لیے اپنی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں، جسٹن گریوز انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جب کہ دیگر تبدیلیوں میں شیرفین ردرفورڈ، کیمو پال اور ویٹل لاوز کو شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی ٹیم

بھارت کی ٹیم میں روہت شرما، شبھمن گل (کپتان)، ویرات کوہلی، رتوراج گائیکواڑ، کے ایل راہول، نمن دھیر، رویندر جڈیجا، عاقب نبی، گرنور برار، کلدیپ یادیو اور پرسدھ کرشنا شامل ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں جان کیمبل، کیسی کارٹی، شائی ہوپ (کپتان)، عامر جانگو، شیرفین ردرفورڈ، روسٹن چیز، کیمو پال، الزاری جوزف، شمر جوزف، جیڈن سیلز اور ویٹل لاوز شامل ہیں۔

بھارت کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ون ڈے میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں ویرات کوہلی نے ناقابلِ شکست 139 اور شبمن گل نے 110 رنز بنائے تھے۔

Related posts