سیلفی لینے کی کوشش: بابر اعظم نے مداح سے موبائل فون چھین کر پھینک دیا

اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ کے دوران پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو تماشائیوں کی بڑی تعداد نے گھیر لیا، مداحوں نے گراؤنڈ میں داخل ہوکر ان کے ساتھ سیلفیاں لینے کی کوشش کی، اس دوران بابر اعظم نے ایک مداح سے موبائل فون لے کر دور پھینک دیا جب کہ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے گراؤنڈ میں سیکیورٹی مزید سخت کردی۔

یہ واقعہ او جی ڈی سی ایل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے راؤنڈ کے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں بابر اعظم او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

میچ کے دوران بابر اعظم فیلڈنگ کر رہے تھے تو شائقین بار بار گراؤنڈ میں داخل ہوکر ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کرتے رہے۔ بعد ازاں بیٹنگ میں 21 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے بعد جب بابر اعظم پویلین کی جانب واپس جارہے تھے تو مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مداح بابر اعظم کے قریب آکر سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے، جس پر بابر اس کا موبائل فون لے کر دور پھینک دیتے ہیں۔ بابر اعظم کو ہجوم سے نکل کر پویلین کی جانب جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

مداحوں کے ہجوم کی وجہ سے بابر اعظم کو ڈریسنگ روم کی جانب تیزی سے جانا پڑا جب کہ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے بعد ازاں صورت حال کو کنٹرول کیا۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے گراؤنڈ میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے۔

بابر اعظم بیٹنگ میں بھی ناکام

دوسری جانب 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آنے والے بابر اعظم کی بیٹنگ میں ناکامی کا سلسلہ چوتھے راؤنڈ میں بھی جاری رہا۔

او جی ڈی سی ایل کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف بابر اعظم 39 گیندوں پر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اننگز میں 4 چوکے لگائے۔ پی سی بی کے اسکور کارڈ کے مطابق بابر اعظم کو آفاق آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ بابر اعظم کا 12 رنز پر کیچ بھی ڈراپ ہوا تاہم وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور 21 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

او جی ڈی سی ایل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 196 رنز بنائے، جس کے جواب میں اسٹیٹ بینک نے دن کے اختتام تک 94 رنز پر 3 وکٹیں گنوائیں۔

7 سال بعد واپسی، 3 اننگز میں صرف 37 رنز

بابر اعظم نے تقریباً سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کی ہے۔ ان کی آخری ڈومیسٹک فرسٹ کلاس شرکت دسمبر 2019 میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ہوئی تھی۔

واپسی کے بعد بابر اعظم اب تک تین اننگز میں مجموعی طور پر صرف 37 رنز بناسکے ہیں۔ پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 12 رنز بنائے اور انہیں کے آر ایل کے فاسٹ بولر ارشد اقبال نے آؤٹ کیا۔ ارشد اقبال نے اس اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اسی میچ کی دوسری اننگز میں بابر اعظم صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہیں فہیم اشرف نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ چوتھے راؤنڈ میں اسٹیٹ بینک کے خلاف بابر اعظم نے 21 رنز اسکور کیے اور آفاق آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

یوں 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کے بعد بابر اعظم کی تین اننگز کا مجموعہ 12، 4 اور 21 رنز، یعنی 37 رنز ہے۔

Related posts