وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب میں یونیسکو کے دنیا میں تعلیم، سائنس اور ثقافت کے فروغ میں تاریخی کردار کو سراہا۔
انھوں نے کہا کہ یونیسکو کی توجہ کو اس کے بنیادی شعبوں یعنی تعلیم، سائنس، ثقافت اور ابلاغ پر مرکوز کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے یونیسکو میں اصلاحات اور حکمتِ عملی کی نئی سمت اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ معیاری تعلیم تک رسائی، ثقافتی و تاریخی ورثے کے تحفظ، اور جھوٹی خبروں، گمراہ کن اطلاعات اور نفرت انگیز تقاریر جیسے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شفافیت اور ادارے کے بنیادی پروگراموں کا تحفظ ہی یونیسکو کے مقاصد اور نظریات کے حصول کی ضمانت ہے۔
انھوں نے مصر کے ڈاکٹر خالد العنانی کو 2025 سے 2029 تک کی مدت کے لیے یونیسکو کا ڈائریکٹر جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
تعلیم اور ثقافت کے میدان میں ڈاکٹر العنانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ خالد العنانی یونیسکو کی بنیادی اقدار کے حقیقی نمائندہ ہیں۔
ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ نے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل کی گزشتہ آٹھ برسوں پر محیط قیادت اور خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔