بھارتی میڈیا کا خطے میں عدم استحکام پھیلانے کےلیے زہریلا پروپیگنڈا بے نقاب 

وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی میڈیا کے گمراہ کن اور زہریلے پروپیگنڈے کا ایک بار پھر پردہ چاک کردیا ہے۔ بھارتی چینلز خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشت گردوں کے بیانیے کو تقویت دینے کی مذموم مہم میں مصروف ہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی میڈیا کے ہتھکنڈوں کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا اپنی پراکسی تنظیم، فتنہ الخوارج، کی حمایت میں کھل کر سامنے آگیا ہے۔

بھارتی نجی چینل این ڈی ٹی وی نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ ’’8 اکتوبر کو کرم میں فتنہ الخوارج نے گھات لگا کر پاک فوج کے 22 جوانوں کو شہید کیا‘‘۔

تاہم، اس جھوٹ کے برعکس پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے واضح کیا کہ ’’7 اور 8 اکتوبر کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کرم میں نہیں بلکہ ضلع اورکزئی میں کیا گیا‘‘۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع اورکزئی میں ہونے والے اس آپریشن میں 11 فوجی شہید ہوئے جبکہ 19 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔

بھارتی چینل ریپبلک نیوز انڈیا نے بھی گمراہ کن رپورٹ پیش کرتے ہوئے جھوٹا دعویٰ کیا کہ فتنہ الخوارج نے 24 گھنٹوں میں پاک فوج پر 16 حملے کیے۔

یہ دعویٰ بھی غلط اور بے بنیاد ثابت ہوا، کیونکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے نتیجے میں صرف 5 خوارج مارے گئے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سفاک مودی کی ایما پر ریاست نواز گودی میڈیا مضحکہ خیز رپورٹنگ کرنے پر اتر آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا یہ بے بنیاد پروپیگنڈا دراصل خطے میں انتشار پھیلانے اور دہشت گردوں کے بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش ہے، جو خطے کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

Similar Posts