امریکا کو مطلوب منشیات کی دنیا کا بادشاہ گرفتار، جھڑپ میں 11 افراد ہلاک
میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے 10 مطلوب ترین مفرور افراد میں شامل مبینہ منشیات فروش فاؤسٹو اسیدرو میزہ فلوریس عرف ال چاپو اسیدرو کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس دوران ریاست سینالوا کے شہر گواساوے میں ہونے والی شدید جھڑپوں میں 11 افراد ہلاک ہو گئے اور بیس بال میچ کے دوران شائقین میں بھگدڑ مچ گئی۔
میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق کارروائی کے آغاز پر اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی اور دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا، جبکہ مسلح افراد نے آس پاس کے علاقوں میں سڑکیں بند کر دیں۔
میکسیکو کے وزیر سیکیورٹی عمر گارسیا ہارفوچ کے مطابق کارروائی کے دوران میکسیکن فوج کے 4 اہلکار اور 7 ایسے افراد ہلاک ہوئے جنہوں نے مبینہ طور پر میزہ فلوریس کی گرفتاری روکنے کی کوشش کی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اور سی این این کی تصدیق شدہ فوٹیج میں گواساوے پر ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ اور ٹرک میں سوار کارٹیل ارکان کے ساتھ جھڑپیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
جمعہ کی رات مقامی وقت کے مطابق کروڈا پارک اسٹیڈیم میں 2026 لیگا میکسیکانا ڈیل پیسیفکو کے بیس بال میچ کے دوران فائرنگ کی آوازیں گونجنے پر شائقین گھبرا کر اسٹیڈیم سے نکلنے لگے اور ویناڈوز دے مازتلاں اور الگوڈونیروس دے گواساوے کے کھلاڑی کھیل روک کر میدان سے باہر چلے گئے۔ لیگ انتظامیہ نے ہفتے کو ویک اینڈ کے باقی میچز منسوخ کر دیے۔
ایک مقامی رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سی این این کو بتایا کہ مسلح افراد نے نجی اسپتالوں پر قبضہ کر لیا اور دکانوں و پیٹرول اسٹیشنوں کو آگ لگائی گئی جبکہ مسلح قافلے فائرنگ کرتے ہوئے گزرتے دیکھے گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی حاصل کردہ عینی شاہدین کی فوٹیج میں سینالوا کی شاہراہوں پر جلی ہوئی گاڑیاں نظر آئیں۔
سینالوا کی ریاستی حکومت نے جمعہ کی رات دیر گئے گواساوے کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے اور سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ ہفتے کی شام امریکی محکمہ خارجہ نے خطے میں سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو ممکنہ تشدد کے پیش نظر چوکس رہنے کی وارننگ جاری کی۔
میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق خصوصی فوجی دستوں نے خفیہ اور اچانک کارروائی کے ذریعے ہدف تک رسائی حاصل کی اور گرفتاری کے بعد 44 سالہ میزہ فلوریس کو میکسیکو سٹی منتقل کر دیا گیا۔
اسی کارروائی میں تنظیم کے مزید 7 مبینہ ارکان بھی گرفتار کیے گئے، جن میں گروپ کا دوسرا اہم رکن جرمین عرف سیرافین اور مبینہ مالیاتی منتظم ہوزے شامل ہیں۔
میکسیکو میں امریکی سفیر رونالڈ جانسن نے کہا کہ امریکا اور میکسیکو کے درمیان اسٹریٹجک انٹیلی جنس شیئرنگ گرفتاری کے لیے اہم تھی، جبکہ امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچے نے اس کارروائی کو دوطرفہ کوشش کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ہلاک فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور میکسیکو کی کومت کا شکریہ ادا کیا۔
ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن یعنی ڈی ای اے نے بھی گرفتاری کو پرتشدد مجرمانہ تنظیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔
حکام کے مطابق میزہ فلوریس سینالوا میں سرگرم کارٹیل لوس مازتلایکوس کی قیادت کرتا تھا، جسے میزہ فلوریس ٹرانس نیشنل کریمنل آرگنائزیشن بھی کہا جاتا ہے، اور اس کی 20 سال سے زائد منشیات کی اسمگلنگ کی تاریخ رہی ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے 2013 کے بیان کے مطابق یہ گروہ حریف سینالوا کارٹیل کے ساتھ شدید خونی تنازع میں ملوث رہا، جبکہ تھنک ٹینک انسائٹ کرائم کے مطابق ایل چاپو 1990 کے عشرے سے منظم جرائم میں سرگرم تھا اور بعد ازاں سینالوا کارٹیل سے منسلک بیلتران لیوا آرگنائزیشن سے وابستہ رہا، تاہم ستمبر میں دائر امریکی فرد جرم میں الزام لگایا گیا کہ اس نے سینالوا کارٹیل کو اہلکار، ہتھیار، منشیات اور مالی وسائل فراہم کیے۔
امریکی محکمہ خارجہ اور ایف بی آئی کے مطابق اس کی گرفتاری پر 50 لاکھ ڈالر کا انعام مقرر تھا اور اس پر ہیروئن، میتھ، کوکین، فینٹانائل اور بھنگ کی امریکا میں اسمگلنگ کے الزامات ہیں، جن میں 2022 میں ٹیکساس کے شہر ایگل پاس کے قریب تقریباً 6000 پاؤنڈ میتھ امریکا لانے کا الزام بھی شامل ہے۔
ایل چاپو کے خلاف 2012 اور 2019 میں بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی اور نئی فرد جرم میں نارکو ٹیررازم اور دہشت گرد تنظیم کو مادی معاونت فراہم کرنے کی سازش کے الزامات بھی شامل کیے گئے، جبکہ امریکا نے سینالوا کارٹیل کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
سینالوا کی ریاستی حکومت کے مطابق نظم و نسق بحال کرنے کے لیے انٹر ایجنسی گروپ کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور سیکیورٹی آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔