ایران سے ایسی ڈیل کروں گا کہ کوئی نااہل صدر بھی اقتدار میں آجائے تو معاہدہ برقرار رہے: ٹرمپ
مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایک ایسا دیرپا اور مستقل معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو مستقبل میں تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک سکے اور آئندہ برسوں میں کسی نااہل امریکی صدر کے اقتدار میں آنے کے باوجود برقرار رہے۔
ہفتے کے روز امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز کو دیے گئے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایسا معاہدہ ترتیب دے رہے ہیں کہ اگر 4 سال، 15 سال یا 20 سال بعد کوئی نااہل صدر بھی اقتدار میں آ جائے تو یہ معاہدہ مستقل طور پر قائم رہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کر سکے۔
ایران کی قیادت اور نظام حکومت سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران میں برسرِ اقتدار نظام سے کبھی زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس سے قبل بھی دو حکومتوں کا خاتمہ کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے اس بیان کی مزید وضاحت کرنے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ فروری 2026 میں جنگ کے آغاز پر ایران پر ہونے والے ابتدائی حملوں میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد سے ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای اس منصب پر فائز ہیں۔
امریکی صدر نے ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ معاہدہ کرنا بہت دشوار ہے کیونکہ فریقین معاہدہ کرتے ہیں اور وہ اگلے ہی روز اس کی خلاف ورزی کر دیتے ہیں۔
انٹرویو کے دوران امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے حساس ڈیٹا بیس تک ہیکرز کی مبینہ رسائی کی اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ اچھی بات نہیں ہے اور انہیں اس واقعے کی اطلاع ابھی ملی ہے۔
امریکی صدر کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں فروری 2026 کی جنگ کے بعد کے اثرات اور ایران کے جوہری پروگرام کے مستقبل سے متعلق سفارتی و سکیورٹی معاملات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔