پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی 20 میں 82 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

اتوار کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تاہم 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا اور 55 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، فخر زمان گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور وہ 4 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 22 رنز بنا کر مہیش تھیکشنا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے گزشتہ میچ کی پرفارمنس کو برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا اور ٹیم کا اسکور 143 تک پہنچایا تاہم صاحبزادہ فرحان 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز نے معاذ صداقت کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا جب کہ معاذ صداقت نے بغیر کسی دباؤ میں آئے برق رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑ کر ٹیم کے اسکور کو 200 کے پار پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو کہ ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی، جس میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے تاہم اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کے سنچری بنانے کی کوشش میں معاذ صداقت آؤٹ کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے علاوہ حسن نواز نے بھی اختتامی اوورز میں جارحانہ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر ناقابلِ شکست 19 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔

پاکستان نے ابتدائی اوورز سے ہی رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی اور آخری 5 اوورز میں 70 رنز اسکور کیے، جس سے ٹیم کا مجموعی اسکور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز تک پہنچ گیا اور سری لنکن ٹیم کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی، پاکستانی بیٹرز کے بعد بولرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو ابتدا سے ہی دباؤ میں رکھا اور کوئی بیٹر کھل کر نہ کھیل سکا۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے 32، چمندو وکرما سنگھے نے 29، کمیندو مینڈس نے 23 اور سینیتھ جے وردھنے نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان کوشل مینڈس اور داسن شناکا 9،9، لہیرو اودارا 5 اور ساہان آراچیگے کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاداب خان اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یوں سری لنکن ٹیم 216 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز تک ہی محدود رہی۔

پاکستان کی اس کامیابی میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں نے اہم کردار ادا کیا۔ معاذ صادق اور صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ اننگز کے بعد محمد عمران کی مؤثر بولنگ نے سری لنکا کو ہدف سے دور رکھا اور پاکستان کو 82 رنز سے فتح دلائی، اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

گرین شرٹس کی سری لنکا کے خلاف 82 رنز سے کامیابی رنز کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی جیت ہے، اس فتح کے ساتھ پاکستان نے 9 سال بعد سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ آج کی پچ پچھلے میچ کی نسبت زیادہ سخت ہے اور اس پر گھاس کم ہے، جو ہمارے کھلاڑیوں کے مزاج کے مطابق ہے اور کھلاڑی اس طرح کی پچ پر کھیلنا پسند کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پچ نمبر 1 پر بیٹرز کو ٹرو باؤنس اور پیس ملنے کی توقع ہے جس سے شاندار کھیل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

اس اہم مقابلے کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ پاکستان نے بھی اپنی فائنل الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے رضا اللہ کی جگہ سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، وکٹ کیپر خواجہ نافع، شاداب خان، محمد عمران، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

مہمان ٹیم سری لنکا کے اسکواڈ میں کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر کوشل مینڈس، لہیرو اودارا، سینیتھ جے وردھنے، کامندو مینڈس، سہان آراچگے، داسن شناکا، چمیندو وکرما سنگھے، مہیش تھیکشنا، ایشان ملنگا، بنورا فرنینڈو اور نووان تھشارا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کو 3 میچز کی ٹی 20 سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی شانداراننگز کی بدولت 9 اکتوبر بروز جمعے کو پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں سری لنکا کو 4 وکٹوں ہرایا تھا۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندیں پہلے ہدف حاصل کرلیا تھا۔

قومی ٹیم کی نظریں آج کا میچ جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے پر مرکوز ہیں جب کہ سری لنکن ٹیم سیریز برابر کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

Related posts