ڈیرہ غازی خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے چار مغویوں کو ڈاکوؤں کے چنگل سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔
	آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان اور ڈی پی او راجن پور کی خصوصی نگرانی میں پولیس نے یہ کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر چار افراد کو اغوا کر کے روجھان کے علاقے موضع میراں پور میں لے گئے تھے۔
تاہم ڈیرہ غازی خان پولیس کی ہدایت پر راجن پور پولیس نے مغویوں کا تعاقب کیا اور انہیں ڈاکوؤں کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔ بازیاب ہونے والے افراد میں شاہد، عاطف، شریف اور کاشف شامل ہیں۔
مغویوں کی بازیابی پر ان کے اہل خانہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔