رحمان بابا ایکسپریس حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی، 36 زخمی
ملتان میں کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کے بعد نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے ٹرین حادثے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حادثے کے بعد پٹڑی پر بوگیاں الٹنے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کو ملتان کے بجائے لودھراں سے خانیوال کے راستے بھیجا جارہا ہے، جبکہ ریلیف ٹرین کے ذریعے حادثے کا شکار بوگیوں کو سیدھا کرنے کا کام جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 36 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد منتقل کردیا گیا، جبکہ 2 افراد کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد دی گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں بھی اسپتالوں میں منتقل کردی گئیں۔
حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ بوگیوں کے پٹری سے اترنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اُدھر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق اور زخمی مسافروں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی حادثے کی جگہ کا جائزہ لینے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ صورت حال اور امدادی کارروائیوں کا خود جائزہ لیں گے۔ انہوں نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کو ٹرین حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محمد حنیف عباسی نے ٹرین حادثے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمی مسافروں کے علاج معالجے کے لیے بہترین طبی سہولیات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رحمان بابا ایکسپریس حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مسافروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی۔ صدرِ مملکت نے زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے شفاف تحقیقات کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وہیں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر اعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہار افسوس بھی کیا ہے اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔