مفتی تقی عثمانی مسلم دنیا کی دوسری بااثر ترین شخصیت قرار

عمان (اردن): معروف پاکستانی عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی کو مسلم دنیا کی دوسری بااثر ترین شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

اردن کے رائل انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز نے سال 2025 کے لیے دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست جاری کر دی۔

فہرست کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی پہلی پوزیشن پر ہیں، جب کہ مفتی تقی عثمانی کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

فہرست میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات میں مولانا طارق جمیل، تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمان اور دعوتِ اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری بھی شامل ہیں۔

عالمی سطح پر ٹاپ 50 میں شامل دیگر نمایاں ناموں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور برکینا فاسو کے صدر کیپٹن ابراہیم تراورے شامل ہیں۔

اسی طرح ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، ترک انٹیلیجنس کے سربراہ ابراہیم قالن، فلسطینی رہنما خالد مشعل اور شامی صدر احمد الشرع بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

پاکستان سے شامل دیگر بااثر شخصیات میں وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، میر شکیل الرحمان، حامد میر، حافظ نعیم الرحمان، عمران خان، ڈاکٹر عمر سیف اور ملالہ یوسفزئی کے نام بھی شامل ہیں۔

Similar Posts