بھارتی آرمی چیف کا بیان اشتعال انگیز اور امن کے لیےخطرناک ہے: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو اشتعال انگیز اور خطے کے امن کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک اہم اور ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک ہے، جسے دھمکیوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت آج تک پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ ہندوتوا سوچ نے جنوبی ایشیا کو کئی بار جنگوں اور خطرناک بحرانوں کی طرف دھکیلا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیے سے مٹانے کی بات ذہنی دیوالیہ پن اور جنگی جنون کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کسی ایٹمی ہمسائے کو ختم کرنے کی بات غیر ذمہ دارانہ اور انتہائی خطرناک سوچ کی علامت ہے۔ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں ہمیشہ تحمل، تدبر اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، نہ کہ اشتعال انگیز بیانات کا سہارا لیتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی، عدم استحکام اور منفی پروپیگنڈے کا بڑا مرکز رہا ہے، جبکہ اس کی جارحانہ زبان پاکستان کو نقصان پہنچانے میں مسلسل ناکامی کی عکاس ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ’’معرکۂ حق‘‘ میں بھارت کی ناکامی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے، اسی لیے نئی دھمکیوں اور اشتعال انگیزی کے ذریعے خطے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پاک فوج نے خبردار کیا کہ بھارت خطے کو کسی نئی جنگ یا بحران کی طرف دھکیلنے سے باز رہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کے نتائج محدود نہیں رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کا اصول سیکھنا ہوگا، کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا واحد راستہ ذمہ دارانہ رویہ اور باہمی احترام ہے۔