بلوچستان: لسبیلہ میں مسافر کوچ اور وین میں تصادم، 12 افراد جاں بحق
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل کے قریب مسافر کوچ اور وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا شکار مسافر کوچ گوادر سے کراچی آرہی تھی، جبکہ وین کراچی سے بیلہ جارہی تھی۔ حادثے میں خواتین اور بچے بھی زخمی ہوئے۔
انچارج ایدھی لسبیلہ ڈاکٹر حکیم لاسی نے بتایا حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 12 افراد میں 5 خواتین اور 7 مرد شامل ہیں، جبکہ 22 شدید زخمیوں کو فوری طور پر قریب ترین اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گوادر سے کراچی انے والی تیز رفتار مسافر کوچ سامنے سے آنے والی منی ویگن سے ٹکرا گئی۔
منی ویگن کراچی سے بیلہ کی جانب جا رہی تھی۔ پولیس اور لیویز نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جبکہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کرا دی گئی ہے۔