انگلینڈ کی سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پہلی کامیابی، سری لنکا کو 55 رنز سے شکست

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے تاہم 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 46 ویں اوورز میں 331 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی بیٹنگ

انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن نے اننگز کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 163 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم ٹام بینٹن 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اپنے گزشتہ میچ میں سری لنکا کے ہی خلاف ڈبل سنچری کرنے والے کپتان ہیری بروک ون ڈے کیریئر میں پہلی مرتبہ تیسری پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 107 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 270 تک پہنچایا تاہم ہیری بروک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

301 کے اسکور پر انگلینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، بین ڈکٹ 167 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 24 چوکے لگائے تاہم حیران کن طور پر ان کی اس اننگز میں ایک بھی چھکا شامل نہیں۔

اس کے علاوہ ول جیکس نے 21 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جارڈن کاکس نے 27 گیندوں پر 43 رنز اسکور کیے جب کہ سیم کرن 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دلشان مدھوشنکا، ایشان مالنگا اور داسن شناکا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 7.72 کے رن ریٹ سے 386 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سری لنکن ٹیم اس بڑے ہدف کا تعاقب کس انداز میں کرتی ہے۔

انگلینڈ نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکو ر بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، انگلینڈ نے پاکستان کا 375 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، جو پاکستان نے 2025 میں زمبابوبے کے خلاف بنایا تھا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 387 رنز ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 13 کے مجموعی اسکور پر مینڈس پویلین لوٹے، پھر اوشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس نے 2 دوسری وکٹ کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 97 تک پہنچایا تو اوشکا فرنینڈو 48 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد تیسری وکٹ 177 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب کوشال مینڈس 89 رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم دوسرے اینڈ پر پاوان رتنائیکے نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ںصف سنچری مکمل کی۔

سری لنکا کا اسکور 186 تک پہنچا تو چوتھی وکٹ بھی گر گئی، داسن شناکا صرف 4 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، اس کے بعد 258 کے مجموعی اسکور پر جنیتھ لیاناگے بھی 17 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کو چھٹا نقصان 315 کے اسکور پر اٹھانا پڑا، سہان آراچیگے 24 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد دیگر بیٹرز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 31 رنز اضافے پر مزید 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، دونتھ ویلا لاگے، ایشان ملنگا اور اسیتھا فرنینڈو ایک ، ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پون رتھ نائیکے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 77 گیندوں پر 118 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اس طرح سری لنکن ٹیم 387 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی اور پوری ٹیم 45.1 اوور میں آؤٹ ہوگئی جب کہ انگلینڈ نے 55 رنز سے بازی مارتے ہوئے سہ ملکی ون ڈے سیریز میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو شکار بنایا، اس کے علاوہ سونی بیکر نے 2 جب کہ سیم کرن، ہینری کروکومب اور جوئے روٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

میچ کا ٹاس

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں اوریہ فائنل سے قبل سیریز کا آخری میچ ہے، جہاں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ انگلش ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، جیمی اوورٹن کی جگہ سونی بیکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکا کی ٹیم میں کوشل مینڈس (کپتان و وکٹ کیپر)، کمندو مینڈس، اویوشکا فرنینڈو، پوان رتھنایاکے، سہان آراچیگے، جنیتھ لیاناگے، دشن شانکا، دونتھ ویلا لاگے، ایشان ملنگا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدھوشنکا شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلینڈ کی ٹیم میں ہیری بروک (کپتان)، جورڈن کاکس (وکٹ کیپر)، ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، ول جیکس، سام کرن، جو روٹ، لیم ڈاسن، گس اٹکنسن، سونی بیکر اور ہینری کروکومب شامل ہیں۔

انگلینڈ کو سیریز میں پہلی فتح کی تلاش ہے تاہم یہ میچ محض رسمی کارروائی کی حیثیت رکھتا ہے، اس میچ کے نتیجے سے فائنل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیوں کہ فائنل میں رسائی پانے والی ٹیموں کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے، اس سیریز میں پاکستان 3 اور سری لنکا 2 فتوحات کے ساتھ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جب کہ انگلینڈ نے اب تک سیریز میں کوئی میچ نہیں جیت سکا۔

اس سے قبل سری لنکا نے اسی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیا جانے والا دوسرا بڑا ہدف ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل 31 اکتوبر بروز ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ٹرافی کے حصول کے لیے مقابلہ ہوگا۔

Related posts