سہ ملکی ون ڈے سیریز: انگلینڈ کا سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا ہدف
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری لیگ میچ سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔
میچ کا ٹاس
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں اوریہ فائنل سے قبل سیریز کا آخری میچ ہے، جہاں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ انگلش ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، جیمی اوورٹن کی جگہ سونی بیکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کو سیریز میں پہلی فتح کی تلاش ہے تاہم یہ میچ محض رسمی کارروائی کی حیثیت رکھتا ہے، اس میچ کے نتیجے سے فائنل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیوں کہ فائنل میں رسائی پانے والی ٹیموں کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے، اس سیریز میں پاکستان 3 اور سری لنکا 2 فتوحات کے ساتھ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جب کہ انگلینڈ نے اب تک سیریز میں کوئی میچ نہیں جیت سکا۔
اس سے قبل سری لنکا نے اسی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیا جانے والا دوسرا بڑا ہدف ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل 31 اکتوبر بروز ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ٹرافی کے حصول کے لیے مقابلہ ہوگا۔