‘مال ملنا بند ہوجائے تو ریاست بُری ہوجاتی ہے’: محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے بیانات کو نامناسب قرار دیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی بہت عزت کرتے تھے لیکن ان بیانات کے بعد اب احترام کی گنجائش باقی نہیں رہی۔ محسن نقوی کی تقریر کے دوران جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سینیٹرز ایوان میں شور شرابہ کرتے نظر آئے۔
جمعرات کو سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے ایران کے حالیہ دورے سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ وہ کسی دفاعی معاہدے کے سلسلے میں ایران گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی معاہدے کے لیے نہیں بلکہ ایک تنازع کا پُرامن حل تلاش کرنے گئے تھے۔
گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے محسن نقوی کے حالیہ دورہ ایران سے متعلق سوال اٹھایا تھا۔
اسی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مجھ پر یہ تنقید بھی ہوئی اگر وزیر دفاع ایران نہیں گئے تو میں کیوں گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں شوق سے وہاں نہیں گیا تھا بلکہ وزیراعظم نے مجھے یہ ذمہ داری سونپی تھی۔‘