مرزا اشتیاق بیگ نے کرن خان کو شادی کے لیے کیسے آمادہ کیا؟

پاکستانی ٹی وی میزبان اور اداکارہ کرن خان نے معروف کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کے حوالے سے کئی دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ ابتدا میں شادی کے لیےتیار نہیں تھیں، لیکن مرزا اشتیاق بیگ نے جس سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ رشتہ آگے بڑھایا اس نے انہیں اپنا فیصلہ بدلنے پر مجبور کردیا۔

کرن خان نے حال ہی میں نجی چینل کے ایک پروگرم میں لائیو گفتگو کے دوران اپنی نئی ازدواجی زندگی، شادی کے فیصلے اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ کے مطابق ان کی اور مرزا اشتیاق بیگ کی پہلے سے جان پہچان تھی۔ وہ ماضی میں ان کی فاؤنڈیشن کے ساتھ بھی کام کرچکی تھیں، اس لیے دونوں ایک دوسرے کے مزاج اور شخصیت سے کسی حد تک واقف تھے۔

کرن خان نے بتایا کہ زندگی کے سابقہ تجربات کی وجہ سے وہ دوبارہ کسی رشتے میں بندھنے کے حوالے سے محتاط تھیں اور شادی کرنے کا کوئی خاص ارادہ نہیں رکھتی تھیں۔ دوسری جانب مرزا اشتیاق بیگ بھی ماضی کے تجربات کے باعث نئے رشتے کے معاملے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے تھے۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کو احساس ہوا کہ زندگی میں ایک ایسے ساتھی کی موجودگی کتنی اہم ہے جس کے ساتھ خوشیاں، پریشانیاں اور روزمرہ کے چھوٹے چھوٹے لمحات بانٹے جاسکیں۔

کرن خان نے انکشاف کیا کہ شادی کی پیشکش پہلے مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے کی گئی تھی۔ انہوں نے اس معاملے کو محض بات چیت تک محدود رکھنے اور طول دینے کے بجائے براہِ راست اداکارہ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور باقاعدہ رشتے کی بات آگے بڑھائی۔

اداکارہ کے مطابق تمام معاملات غیر معمولی آسانی اور تیزی سے طے پاتے چلے گئے۔ انہوں نے اس رشتے کو اللہ کی طرف سے ایک اچھا موقع سمجھتے ہوئے قبول کرلیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب دونوں کو کبھی کبھی یہ خیال آتا ہے کہ وہ زندگی میں پہلے کیوں نہیں ملے۔ طویل عرصے تک تنہا زندگی گزارنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ کسی اپنے کے ساتھ معمولی سی خوشی بھی کتنی خاص بن جاتی ہے۔

گفتگو کے دوران کرن خان سے ان کی نئی زندگی اور بڑے گھر میں رہنے کے تجربے کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔

اس پر اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کے نزدیک گھر کی خوبصورتی یا اس کا بڑا ہونا اتنی اہمیت نہیں رکھتا جتنا وہاں ملنے والا سکون، محبت اور اپنائیت اہم ہے۔ ان کے مطابق اصل خوشی اس جگہ رہنے میں ہے جہاں انسان خود کو محفوظ اور مطمئن محسوس کرے۔

کرن خان نے شادی کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی اس تنقید کا بھی جواب دیا جس میں انہیں دولت کی خاطر شادی کرنے کے طعنے دیے گئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی محنت کرکے گزاری ہے اور ہمیشہ اپنی کمائی پر انحصار کیا۔ وہ شادی سے پہلے بھی اچھی زندگی گزار رہی تھیں، اس لیے یہ تاثر دینا درست نہیں کہ انہوں نے مالی آسائش حاصل کرنے کے لیے یہ رشتہ قائم کیا۔

ان کے مطابق کسی بھی شادی میں صرف دولت یا ظاہری آسائشوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیے بلکہ باہمی سمجھ بوجھ، عزت، محبت اور ذہنی سکون زیادہ اہم ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ کرن خان اور مرزا اشتیاق بیگ نے رواں سال ستمبر میں مسجد الحرام میں نکاح کیا تھا۔ ان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سے دونوں سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

Related posts