چوہدری سالک پنجاب میں کرپشن کے بیان پر قائم: مریم نواز کا ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ’کرپشن کا الزام‘ لگانے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے اور کہا کہ پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے، اپنے بیان پر قائم ہوں۔
منگل کو اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک کہتے ہیں پنجاب میں کرپشن کیسز سے الماریاں بھری ہیں، میں چوہدری سالک کو پنجاب حکومت کی کرپشن سے متعلق دعوے پر ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، جھوٹے الزام نہیں سنوں گی اور عدالت میں گھسیٹوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اتنی کرپٹ ہے تو وہ اس میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں، میں کسی کی نہیں سنتی، پنجاب میں افسران کو میرٹ پر لگاتی ہوں، جو سفارش پرآتا ہے تو ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے، چوہدری سالک کو مرضی کا ڈی سی گجرات نہ لگنے پرتکلیف ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چوہدری سالک کہتے ہیں سب سے بہترین حکومت پرویزالہیٰ کی تھی مگر جب بارش میں گجرات گئی تو اتنا پانی تھا کہ میری گاڑی ڈوب گئی جب کہ گجرات میں نکاسی آب کا کام چوہدریوں نے نہیں کیا۔
چوہدری سالک حسین کا مریم نواز کے بیان پر رد عمل
دوسری جانب وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے، اپنے بیان پر قائم ہوں، اللہ غرور اور تکبر سے بچائے۔
چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ ڈی سی لگوانے کی کوئی بات نہیں، ڈی سی پہلے سے لگا ہوا ہے، انسان کے پاس اختیار آتا ہے تو اسے عاجز رہنا چاہیے، میں نے سچائی سے جواب دیا ہے، ان معاملات کا تعلق صوبوں کے حوالے سے نہیں۔