اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوٹیوبر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسٹر پتلو اپنے وکیل قاسم عباسی کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں وہ وہیل چیئر پر بیٹھ کر عدالت پہنچے۔ مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت دس نومبر تک منظور کی گئی ہے۔

مسٹر پتلو کے خلاف سیالکوٹ میں مقدمہ درج ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز سیالکوٹ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران انعامی تقریب کے لیے گیٹ مقررہ وقت سے پہلے کھول دیے گئے تھے، جس کے باعث وہاں موجود افراد میں افراتفری پھیل گئی تھی اور بھگدڑ مچ گئی تھی۔

پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق کی شام ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب جاری تھی اور اُنھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹر سائیکلوں اور کار سمیت دیگر انعامات کا لالچ دے کر لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا، جس پر کثیر تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے تھے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ اس دوران مسٹر پتلو نے اسٹیج پر آ کر اعلان کیا تھا کہ تمام لوگ فوری طور پر گراؤنڈ میں آ جائیں، جس پر لوگوں نے یکدم اندر جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور عقیل نامی شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے بھگدڑ کا مقدمہ درج کیا تھا، جس میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو سمیت 9 افراد کو نامزد کیا گیا تھا، جبکہ 40 سے 45 نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا تھا کہ اسٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے اور وہ اچانک گراؤنڈ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں جس پر وہاں موجود سکیورٹی گارڈز اُن کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران سکیورٹی پر مامور افراد لوگوں پر لاٹھی چارج بھی کرتے ہیں اور انھیں واپس باہر دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Related posts