آن لائن انویسٹمنٹ کے نام پر اربوں کا فراڈ، 18 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے آن لائن انویسٹمنٹ کے نام پر بڑا اسکینڈل پکڑ لیا ہے، ملک بھر کے شہریوں کے ساتھ 2 ارب روپے سے زائد کا فراڈ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سائبر کرائم تھانے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی، ابتدائی تفتیش میں 18 ملزمان اسکینڈل میں ملوث نکلے۔
سائبر کرائم ایجنسی نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا جب کہ اسکینڈل میں ملوث 18 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرا دیے گئے ہیں۔
ملزمان نے سینکڑوں شہریوں کے ساتھ سرمایہ کاری کے نام پر بھاری مالیت کا فراڈ کیا، گرفتار ملزمان کے انکشافات پر تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے جب کہ گرفتار ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا فرانزک آڈٹ جاری ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا محسن نے بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔