فلک شبیر تو ‘ابوبکر کے بھی ابو’ ہیں، سارہ خان

پاکستان شوبز انڈسٹری کی پرکشش اداکارہ سارہ خان نے اپنے شوہر اور گلوکار فلک شبیر کی پرسکون اور صابرانہ طبیعت کا ذکر کرتے ہوئے انہیں مقبول پاکستانی ڈرامے کے کردار ’ابوبکر‘ سے بھی زیادہ ٹھنڈے مزاج کا قرار دے دیا۔

سارہ خان نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور ازدواجی سفر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران اداکارہ نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ شادی سے پہلے وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر جلد پریشان اور گھبرا جاتی تھیں، تاہم فلک شبیر کے ساتھ زندگی گزارنے کے بعد انہوں نے حالات کا سکون اور حوصلے کے ساتھ مقابلہ کرنا سیکھا ہے۔

ان کے مطابق فلک شبیر کی پرسکون طبیعت کا ان کی شخصیت پر بھی مثبت اثر پڑا ہے اور اب ان کے مزاج میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ پختگی اور ٹھہراؤ آ گیا ہے۔

سارہ خان نے یہ بھی بتایا کہ فلک شبیر نے ان کی دوسری بیٹی کی پیدائش سے قبل آٹھ ماہ تک کوئی شو نہیں کیا اور پوری دلجمعی کے ساتھ ان کی اور خاندان کی دیکھ بھال کی۔

گفتگو کے دوران جب میزبان نے ان دنوں مقبول پاکستانی ڈرامے کے کردار ’ابوبکر‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلک شبیر کی شخصیت بھی کسی حد تک اس کردار سے ملتی جلتی ہے تو سارہ خان نے مسکراتے ہوئے دلچسپ انداز میں جواب دیا کہ فلک شبیر تو ’ابوبکر کے بھی ابو ہیں‘۔

سارہ خان کے اس برجستہ جملے نے شو کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا اور ان کی یہ بات مداحوں کی توجہ کا مرکز بھی بن گئی۔

Related posts