اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنے پر جہاں آئی سی سی پریشان ہے وہیں دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کو بھی تشویش لاحق ہے اور اب اس معاملے پر اماراتی کرکٹ بورڈ بھی میدان میں آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بھی اسی نوعیت کی اپیل کر چکا ہے۔ سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا کہ کولمبو میں 15 فروری کو شیڈول ہائی پروفائل پاک بھارت میچ کی منسوخی سے اسے شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خط میں واضح کیا گیا کہ میچ کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں اور عدم شرکت کی صورت میں سیاحت سے جڑی متوقع آمدن بھی متاثر ہو گی۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق پاک بھارت مقابلے کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد سیاحتی شعبے پر منفی اثرات پڑے ہیں اور شائقین کی جانب سے بڑی تعداد میں ہوٹل بکنگز منسوخ کی جا چکی ہیں۔ بیان میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ سری لنکا کرکٹ نے ماضی میں مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ غیر معمولی حالات، دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے روکا گیا ہے تاہم آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کے درمیان ملاقات جاری ہے، جس میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شریک ہیں، ملاقات کا بنیادی مقصد ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف راؤنڈ میچ کھیلنے پر قائل کرنا ہے۔