بہن کے انتقال کے بعد اداکارہ میرا کا مریم نواز سے اظہارِ تشکر

پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی بہن کے انتقال کے بعد مشکل وقت میں تعاون کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق حکومتی شخصیات کی مدد اور تعاون سے ان کی مرحوم بہن کی انگلینڈ میں تدفین اور آخری رسومات کے انتظامات مکمل کیے گئے۔

میرا نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی بہن کے علاج معالجے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔

اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میری بہن اب اس دنیا میں نہیں رہیں، لیکن مریم نواز شریف نے اس مشکل ترین وقت میں جس طرح ان کا ساتھ دیا، اسے وہ اور ان کے اہل خانہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

میرا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر سے بھی ان کی بہن کی انگلینڈ میں تدفین کے حوالے سے بات کی اور اس سلسلے میں ضروری انتظامات کروانے میں مدد فراہم کی۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ کے کرم اور مریم نواز شریف کے تعاون سے ان کی مرحوم بہن کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔

اداکارہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس نیکی کا اجر دے۔

میرا نے اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے ان کی شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ میرا کی بہن کے انتقال کی خبر گزشتہ روز سامنے آئی تھی، جس کے بعد اداکارہ نے اس مشکل وقت میں تعاون کرنے والی شخصیات کے لیے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

شائستہ عباس کئی برس سے کینسر کے مرض سے لڑ رہی تھیں۔ وہ لندن میں مقیم تھیں اور وہیں ایک اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا۔ بیماری کے دوران ان کی طبیعت کئی مرتبہ خراب ہوئی اور انہیں اسپتال میں داخل بھی کرنا پڑا۔ رپورٹس کے مطابق انتقال سے قبل وہ تقریباً دو ماہ سے مسلسل اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

شائستہ عباس پیشے کے اعتبار سے وکیل تھیں اور ان کی ایک کمسن بیٹی بھی ہے۔

Related posts