خیبر پختونخوا اور کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں فتنۃ الخوارج اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے ہیں، جن میں 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کرم میں کی جانے والی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 خوارج ہلاک کیے گئے، جبکہ اس دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا کے علاقوں میں بھی آپریشنز کی رفتار تیز کر دی ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی اور ضلع اورکزئی میں بھی فتنۃ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق صرف میر علی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

اس طرح دو روز کے اندر ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 43 ہو گئی ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں خود ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

عسکری حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس طرح کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے تاکہ ریاست کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

Related posts