بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے پر اظہار مذمت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں بلاول بھٹو نے جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا، گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو نے جمعیت علمائے اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات، ان کے خلاف سیاسی انتقام اور انہیں نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے، جمہوریت اور پارلیمانی نظام میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے مزید کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، جن سے جمہوریت اور پارلیمان کمزور ہوں۔

Related posts