پاکستان کا فتح 3 سپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 نومبر کو پاک فوج کی جانب سے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جو پاکستان کی قومی دفاعی صلاحیتوں میں پیشرفت کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح 3 میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو طویل فاصلے پر موجود اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کی شمولیت سے پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں، حملے کی استعداد اور اہداف تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا جب کہ ملک کی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی استعداد مزید مضبوط ہوگی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا جب کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر اور سروسز چیفس نے فتح 3 سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے کو سراہا۔

قومی قیادت نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اس اہم پیشرفت کے حصول کے لیے کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کی محنت، لگن اور عزم کی بھی تعریف کی۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے رواں سال 2026 کے دوران فتح سیریز کے میزائلوں کے متعدد کامیاب تجربات کیے ہیں۔ 28 اپریل کو آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 2 میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا، جس کا مقصد فوجی دستوں کی تربیت اور میزائل کے مختلف تکنیکی نظاموں کی کارکردگی جانچنا تھا۔

بعد ازاں 14 مئی کو فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جو طویل فاصلے تک اہداف کو درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

6 اکتوبر کو فتح 4 کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ کیا گیا جب کہ 13 اکتوبر کو فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 2 کا یہ ورژن جدید نیویگیشن اور ایویونکس سسٹم سے لیس ہے اور دوران پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ 3 نومبر کو پاکستان نے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فاز (Fa’az) کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

18 نومبر کو فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ بھی اسی سلسلے کی تازہ پیشرفت ہے۔

Related posts