حکومت ذاتی حملوں کے بجائے بلاول بھٹو کے آئینی اور جمہوری مؤقف کا جواب دے: شازیہ مری
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے وزیرمملکت طلال چوہدری کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا بنیادی حق ہے کوئی جرم نہیں، اور وزیر مملکت کو یہ وضاحت کرنی چاہیے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم سیاسی اتفاقِ رائے کے بجائے عددی اکثریت کے بل بوتے پر کیوں منظور کی گئی۔
شازیہ مری نے اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ کیا اب جمہوری نظام میں اظہارِ رائے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کیا جمہوریت کے اندر بولنے کا حق صرف حکومتی اراکین کے پاس ہی محفوظ رہ گیا ہے؟
شازیہ مری نے واضح کیا کہ نظام کی ناکامی یا سیاسی ری سیٹ کی باتیں پیپلز پارٹی کی جانب سے نہیں کی گئیں بلکہ یہ مؤقف دوسروں کا ہے اور ان کی جماعت نے اس پر صرف اپنا جمہوری ردعمل اور رائے دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ملک میں آئین کی بالادستی کا پرزور مطالبہ کر رہے ہیں اور وہ کسی بھی قسم کی سیاسی رعایت یا خصوصی مراعات کا مطالبہ نہیں کر رہے، بلکہ وہ سیاسی نظام میں بہتری کے لیے پارلیمان سے سیاسی مکالمے کے حامی ہیں۔
صوبائی خودمختاری اور سندھ کی تقسیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جوڑ توڑ یا غیر آئینی راستوں سے صوبوں کی تقسیم پر ہرگز یقین نہیں رکھتی اور نئے صوبوں کا قیام صرف آئینی طریقہ کار اور قانون کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر اٹھارہویں آئینی ترمیم اتنا بڑا تاریخی کارنامہ ہے تو وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری اور صوبوں کے آئینی مالی حقوق پر سوالات کیوں اٹھا رہی ہے، جبکہ سندھ اکیلے وفاق کو تقریباً 585 ارب روپے کی اضافی مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے وفاقی وزراء پر زور دیا کہ وہ دوسروں کو پارلیمانی جمہوریت کا درس دینے سے پہلے یہ بتائیں کہ اپوزیشن کو پارلیمان میں اس کی جائز نمائندگی اور آواز سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے وسائل لے کر اور صوبائی خودمختاری کو کمزور کر کے ہر انتظامی مسئلے کا ذمہ دار صوبوں کو قرار نہیں دے سکتی، اس لیے حکومت ذاتی حملوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے آئینی اور جمہوری مؤقف کا جواب دے۔