دوسرا ٹیسٹ: پہلی اننگ کا اختتام، پاکستان کو سری لنکا پر بڑی برتری حاصل
سری لنکا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم پہلی اننگ میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم مضبوط پوزیشن میں نظر آرہی ہے۔
گزشتہ روز ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ پاکستان کے لیے درست ثابت ہوا۔ قومی فاسٹ بولرز نے راولپنڈی کی گھاس سے بھری پچ پر سری لنکن بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا۔
سری لنکا کی پوری ٹیم 35.3 اوورز میں صرف 98 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان کوسل مینڈس 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سونل دنوشا نے 21 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضاؤ اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
محمد عباس نے 14 رنز دے کر تین، رضاءاللہ نے 21 رنز کے عوض تین اور عامر جمال نے 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی پہلی اننگ
سری لنکا کے 98 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے۔
اوپنرز اذان اویس اور طیب عارف نے 80 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ اذان اویس نے 47 جبکہ طیب عارف نے 46 رنز بنائے۔
سری لنکن بالرز پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کو قابو کرنے کی بھرپور کوششیں کرتے رہے۔ تاہم 221 رنز پر سات وکٹیں کھونے کے بعد پاکستان کے لوئر آرڈر بیٹرز نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
غازی غوری نے 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔
دوسری جانب رضاءاللہ نے صرف 32 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ نائٹ واچ مین ثاقب خان نے 37 رنز بنا کر پاکستان کی مجموعی لیڈ بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 87.5 اوورز میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے فاسٹ بولر لہرو کمارا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسیتھا فرنینڈو نے 88 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔