کوئٹہ میں گیس کی مین لائن متاثر، تین علاقوں میں سپلائی معطل
کوئٹہ میں این ایچ اے کے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے دوران گیس کی 16 انچ قطر کی مرکزی پائپ لائن متاثر ہوگئی، جس کے باعث مستونگ، قلات اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم روانہ کردی گئی ہے، تاہم مرمتی کام سکیورٹی کلیئرنس اور نقصان کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے دوران گیس کی 16 انچ قطر کی مین سپلائی لائن کو نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان کے مطابق پائپ لائن متاثر ہونے کے باعث مستونگ، قلات اور ان سے ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔
سوئی سدرن کی ٹیم متاثرہ مقام پر پہنچ کر پائپ لائن کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنے اور نقصان کی نوعیت کا تعین کرنے کے بعد مرمتی کام شروع کیا جائے گا۔