کراچی؛ محکمہ کالج ایجوکیشن کا جامعہ ملیہ میں غیرقانونی تعمیرات روکنے کا مطالبہ

0 minutes, 0 seconds Read
کراچی کے معروف جامعہ ملیہ گورنمنٹ کالج کی زمین پر قبضے کے معاملہ پر محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے پیش رفت شروع ہوگئی ہے، ایک جانب کالج کی اراضی پر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ کالج ایجوکیشن نے قبضہ مافیا سے کالج کی زمین کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت سندھ کے اداروں سے مدد مانگ لی ہے۔

 اس حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر کالجز سندھ گلاب رائے کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی اور ڈائریکٹر اینٹی اینکروچمنٹ ضلع کورنگی کو خطوط جاری کیے گئے ہیں جس میں دونوں اتھارٹیز سے جامعہ ملیہ گورنمنٹ کالج کے کھیل کے میدان میں غیر قانونی تعمیرات کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے فوری رکوانے کی سفارش کی گئی ہے۔

 ریجنل ڈائریکٹر کی جانب سے لکھے گئے خط میں پرنسپل جامعہ ملیہ کالج کی جانب سے قبضے کے حوالے سے لکھی کی شکایتی درخواست اور اس معاملے پر قائم 4 رکنی کمیٹی کی تحقیقات کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ کالج پرنسپل کی جمع شکایتی درخواست کے مطابق قبضہ مافیا نے کالج کے اندر غیر قانونی تعمیرات شروع کررکھی ہیں۔

 اس شکایت کی بنیاد پر ایک چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے 20 اپریل کو کالج کا دورہ کرکے اس شکایت کا جائزہ لیا ہے اور کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ جامعہ ملیہ کالج کے احاطہ میں قبضہ مافیا کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے،  لہٰذا کالج اور اس کے طلبہ کے بہتر مفاد میں ان تعمیرات کو رکوانے کے لیے فوری اقدام کیا جائے۔

Similar Posts