سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حماد کو اپنے دوست شہریار کی کالے رنگ کی کار کی جانب آتے دیکھا جاسکتا ہے، جہاں اس نے مبینہ طور پر گاڑی سے اسلحہ نکال کر عیسیٰ نگری قبرستان کی سمت فائرنگ شروع کردی۔
فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ فائرنگ کی آواز سن کر قریب موجود عزیز بھٹی تھانے کے پولیس اہلکار موقع کی جانب متوجہ ہوئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار سڑک عبور کرکے کار کے قریب پہنچتا ہے، اسی دوران حماد کار میں بیٹھتے ہوئے تعاقب میں آنے والے اہلکاروں پر بھی فائرنگ کرتا ہے۔
فوٹیج میں ایک پولیس اہلکار کو بھی گاڑی کی جانب بڑھتے اور فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار گولیاں قریبی کار کو بھی لگیں جبکہ نزدیکی دکان بھی گولیوں کی زد میں آگئی۔ اسی دوران حماد خود بھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حماد کا عیسیٰ نگری انٹرچینج کے قریب کسی شخص سے جھگڑا ہوا تھا۔ دوسری جانب حماد کے دوست شہریار نے پولیس کو دئیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ وہ حماد کو لینے لیاری ایکسپریس وے آیا تھا، جیسے ہی اس نے گاڑی روکی تو اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔
شہریار کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر وہ گاڑی بھگا لے گیا، تاہم حماد کو دو گولیاں لگ چکی تھیں۔ بعد ازاں ناظم آباد لائسنس آفس کے قریب گاڑی کا ٹائر پنکچر ہونے پر وہ حماد کو رکشے کے ذریعے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کرتا رہا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ فائرنگ کا واقعہ ہفتے کے روز عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا۔