کراچی میں سندھ حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے صوبائی حکومت کو 2 دن کا وقت دیتے ہوئے احتجاج ختم کردیا۔
کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کیا تھا، احتجاج کے باعث ٹریفک پولیس نے مائی کولاچی روڈ پر حفاظتی اقدامات کے تحت کنٹینرز لگا دیے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
جس کے بعد سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن ٹرانسپورٹر کو منانے احتجاجی ریلی میں پہنچے، جہاں حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رہا۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنما نثار حسین جعفری اور یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنما غلام یاسین نیازی نے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن سے مذاکرات کیے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کا کل وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان
مذاکرات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات پیش کیے اور حکومت سے فوری حل کا مطالبہ کیا جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے مظاہرین کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
بعدازاں مائی کولاچی پر موجود گڈز ٹرانسپورٹرز نے احتجاجی ریلی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
شہزاد اعوان نے سندھ حکومت کو 2 دن کا ٹائم دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ اعلان کرتا ہوں اس ریلی کو یہاں ختم کرتے ہیں، 2 دن ہم مزید دیکھیں گے، آج کی اس ریلی کو کال آوف کرتے ہیں۔