یمن میں امریکی فضائی حملے، پینٹاگون کا 150 سے زائد عام شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف
یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف امریکی فضائی کارروائیوں کے دوران 153 عام شہریوں کی ہلاکت اور 247 کے زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے کانگریس کو پیش کی گئی ایک رپورٹ میں ان جانی نقصانات کی تصدیق کی ہے۔
امریکی میڈیا ادارے ’دی ہل‘ کے مطابق پینٹاگون کی 12 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ جانی نقصان اپریل 2025 میں کیے گئے 3 مخصوص فوجی آپریشنز کے دوران ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پہلا واقعہ 6 اپریل کو یمن کے دارالحکومت صنعا میں پیش آیا، جہاں امریکی فضائی حملے میں 5 عام شہری ہلاک ہوئے۔
دوسرا اور سب سے زیادہ جانی نقصان 17 اپریل کو راس عیسیٰ کی بندرگاہ پر کیے گئے فضائی حملے میں ہوا، جس میں 80 شہری ہلاک ہوئے۔
پینٹاگون کے مطابق 28 اپریل کو صعدہ کے قریب کیے گئے تیسرے فضائی حملے میں 47 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران پیش آنے والے مزید 15 واقعات بھی زیرِ تفتیش ہیں اور ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پینٹاگون کی رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انسانی حقوق کی تنظیمیں جنگ زدہ علاقوں میں عام شہریوں کے تحفظ اور فوجی کارروائیوں کے دوران احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق زیرِ غور واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔