وزیراعظم کی ترک اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ خوشگوار ملاقات، چہل قدمی

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، اس موقع پر تینوں رہنماؤں نے چہل قدمی کے دوران اہم معاملات پر گفتگو کی۔

آذربائیجان کے شہر خانکندی میں وزیرِاعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد چہل قدمی کی۔

اس موقع پر آذربائیجان کے صدر نے وزیرِ اعظم اور ترک صدر کو خانکندی کی تاریخ اور تاریخی عمارتوں کے بارے میں بتایا۔

تینوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران ہاتھ تھام کرپاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات اور یکجہتی کا اظہار کیا، جہاں تینوں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔

تینوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران ہاتھ تھام کر پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف وزیرِاعظم شہباز شریف کو خود گاڑی چلا کر شوشا میں ظہرانے پر لے کر گئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آذر بائیجان کے شہر خانکندی میں ملاقات میں شہباز شریف اور ایرانی صدر نے تمام شعبوں میں جاری پاک-ایران تعاون کا جائزہ لیا تھا، اور پاک-ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے گزشتہ فیصلوں میں پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں آذربائیجان میں موجود ہیں۔

دریں اثنا آذربائیجان میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

وزیراعظم سے ایرانی صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر گفتگو

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی روابط پر بات چیت کی تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ترکیہ کے ساتھ مل کر مشترکہ اہداف کو آگے بڑھائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی جارحیت میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور برادر ملک ایران سے شہادتوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہدا کے لیے جنت کے حصول اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔

Similar Posts