مالاکنڈ میں مشترکہ انٹلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 8 گرفتار کرلیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 سے 20 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے مختلف علاقوں میں ایک مربوط انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، یہ آپریشن سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔

آپریشن کا مقصد بھارتی پراکسی تنظیم ”فتنہ الخوارج“ کے دہشت گردوں کا خاتمہ تھا، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور کئی گھنٹوں پر محیط شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا۔

آپریشن کے دوران 8 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا، جن سے تفتیش جاری ہے، گرفتار دہشت گرد ماضی میں کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 2 خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کیے اور بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مقامی عوام نے ریاستی اداروں کی کارروائی کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا، لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے خلاف فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار یا ختم کیا جا سکے، پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کے عزم کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔

وزیراعظم کا خراج تحسین

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ملاکنڈ میں کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور خوارج دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی ستائش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر داخلہ کا خراج تحسین

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی قلات میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، 9 کو گرفتار کرکے بڑی کامیابی حاصل کی، سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر بلوچستان کے علاقے پہرود میں آپریشن کیا جس کے دوران بھی 4 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے فتنۃ الہندوستان کا جھنڈا اور ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔

Similar Posts