خراب پرنٹر کی وجہ سے میچ میں ہار: کرکٹ کی تاریخ میں انوکھا واقعہ
آئرلینڈ کی نارتھ ویسٹ کرکٹ یونین پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں بارش کے بعد ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) شیٹ تیار نہ ہونے پر ایسا فیصلہ سامنے آیا جس نے سب کو حیران کر دیا، میزبان ٹیم کا پرنٹر خراب ہونے کے باعث میچ میں مزید ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی اور حریف ٹیم کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
کرکٹ میچ میں ہار اور جیت کا فیصلہ عام طور پر میدان میں بننے والے رنز، وکٹوں اور مقررہ قوانین کے مطابق ہوتا ہے، تاہم آئرلینڈ میں ایک میچ کا نتیجہ ایک خراب پرنٹر کی وجہ سے طے ہوگیا۔
نارتھ ویسٹ کرکٹ یونین پریمیئر لیگ میں بیلی اسپیلن اور ایلنگٹن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بیلی اسپیلن میزبان ٹیم تھی۔
ایلنگٹن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.1 اوورز میں 159 رنز بنائے اور اس کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ بیلی اسپیلن کو میچ جیتنے کے لیے 160 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں بیلی اسپیلن نے صرف 2 اوورز کھیلے تھے اور اس وقت تک 19 رنز بنا لیے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روکنا پڑ گیا۔
بارش کے باعث کھیل میں تاخیر ہوئی تو امپائرز نے میچ میں ڈک ورتھ لوئس اسٹرن ڈی ایل ایس قوانین لاگو کرنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ خراب موسم کے باعث اوورز کی تعداد کم ہونے کا امکان تھا۔
تاہم اس موقع پر ایک غیر معمولی مسئلہ پیدا ہوگیا۔ میزبان ٹیم کا پرنٹر خراب تھا، جس کی وجہ سے ڈی ایل ایس شیٹ تیار نہیں کی جا سکی۔ ڈک ورتھ لوئس اسٹرن شیٹ کے بغیر بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں تھا۔
صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب بارش رکنے کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان ایک بھی گیند نہ پھینکی جا سکی اور ایلنگٹن کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
یہ فیصلہ نارتھ ویسٹ کرکٹ یونین کے قوانین کے تحت کیا گیا، جن میں ڈی ایل ایس کا حساب دستیاب نہ ہونے کی صورت میں مخصوص طریقہ کار موجود ہے۔
قوانین کے مطابق اگر دونوں ٹیموں اور امپائرز کے لیے ڈی ایل ایس شیٹ تیار نہ کی جا سکے تو میزبان ٹیم کو فوری طور پر شکست تسلیم کرنا ہوتی ہے۔ اسی قانون کے تحت بیلی اسپیلن کو میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نارتھ ویسٹ کرکٹ یونین کے قوانین میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ میزبان کلب کے پاس ضروری سافٹ ویئر سے لیس کمپیوٹر، مناسب مقدار میں کاغذ اور سیاہی کے ساتھ ایک فعال پرنٹر اور اسے چلانے کے لیے آپریٹر موجود ہونا چاہیے۔
اگر میزبان کلب یہ ضروری انتظامات فراہم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو قوانین کے مطابق میزبان ٹیم کو سزا دی جا سکتی ہے۔