نادرا میں خواتین کے لیے نوکریوں کا اعلان، اپلائی کیسے کریں؟
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنجاب کے آٹھ اضلاع کی خواتین کے لیے جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) کی آسامیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان آسامیوں کے لیے واک اِن ٹیسٹ 29 ستمبر سے یکم اکتوبر 2026 تک منعقد ہوں گے، جبکہ ٹیسٹ میں کامیاب اور شارٹ لسٹ ہونے والی امیدواروں کے انٹرویوز اگلے مرحلے میں لیے جائیں گے۔
نادرا کے مطابق بھرتی کا عمل فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر کے اضلاع کی خواتین کے لیے ہے۔ درخواست دینے والی خاتون کا متعلقہ ضلع سے تعلق ہونا ضروری ہے، جس کی تصدیق شناختی کارڈ یا ڈومیسائل کے ذریعے کی جائے گی۔
امیدوار کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی مقرر کی گئی ہے۔ متعلقہ شعبے میں کم از کم ایک سال کا تجربہ رکھنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال مقرر ہے، جس میں پہلے ہی پانچ سال کی عمر میں رعایت شامل ہے اور اس کے علاوہ مزید عمر میں رعایت نہیں دی جائے گی۔ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور معذور خواتین بھی درخواست دے سکتی ہیں۔
فیصل آباد میں ستیانہ، امین پور اور رام دیوالی کے مقامات کے لیے مجموعی طور پر تین، چنیوٹ کے احمد نگر کے لیے دو، جبکہ جھنگ میں 18 ہزاری اور شورکوٹ کے لیے دو آسامیاں رکھی گئی ہیں۔ حافظ آباد میں کسوکی، وینیکے تارڑ، کَلِیکی، جلال پور بھٹیاں اور سکھیکی کے لیے پانچ اور سرگودھا میں کوٹ مومن، فروکہ، سی ایف ایس سی اور سلانوالی کے لیے پانچ آسامیاں موجود ہیں۔
میانوالی میں کوٹ چندنہ، میانوالی، چکڑالہ اور بن حافظ جی کے لیے چار، خوشاب میں جوہرآباد اور مٹھا تیوانہ کے لیے مجموعی طور پر دو، جبکہ بھکر میں بہل، ڈلے والا اور منکیرہ کے لیے تین آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی مطلوبہ جگہ کی متعلقہ تحصیل کی تفصیل اشتہار میں ضرور چیک کریں۔
نادرا کے شیڈول کے مطابق فیصل آباد، چنیوٹ اور جھنگ سے تعلق رکھنے والی امیدواروں کے ٹیسٹ 29 ستمبر کو ہوں گے جبکہ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 30 ستمبر کو ہوں گے۔ حافظ آباد اور سرگودھا کے امیدواروں کا ٹیسٹ 30 ستمبر اور انٹرویو یکم اکتوبر کو ہوگا۔ میانوالی، خوشاب اور بھکر کے امیدواروں کے ٹیسٹ یکم اکتوبر جبکہ انٹرویوز 2 اکتوبر کو ہوں گے۔
ٹیسٹ کے دن رجسٹریشن صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گی، جبکہ انٹرویوز مقررہ تاریخ کو صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔ نادرا نے واضح کیا ہے کہ صرف ٹیسٹ پاس کرکے شارٹ لسٹ ہونے والی امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا اور مقررہ رجسٹریشن وقت گزرنے کے بعد کسی درخواست یا تاخیر کی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔
تمام ٹیسٹ اور انٹرویوز نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس، 6 گلشن ایونیو، لنک پی اے ایف روڈ، سرگودھا میں ہوں گے۔ امیدواروں کو ٹیسٹ کے وقت اپنے اصل ذاتی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ دستاویزات ساتھ لانا ہوں گے۔ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والی امیدواروں کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) بھی ضروری ہوگا۔
انٹرویو کے مرحلے پر امیدواروں کو متعلقہ تعلیمی بورڈ سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد پیش کرنا ہوں گی۔ منتخب امیدواروں سے بعد میں میڈیکل فٹنس اور کردار کے سرٹیفکیٹ بھی طلب کیے جائیں گے۔ نادرا کے مطابق کسی بھی مرحلے پر غلط معلومات فراہم کرنے والی امیدوار کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
اہل خواتین اپنے مقررہ ٹیسٹ کے دن سرگودھا ریجنل ہیڈ آفس پہنچ کر واک اِن ٹیسٹ میں شرکت کر سکتی ہیں۔ مزید معلومات، ٹیسٹ کے نمونے اور مکمل تفصیلات نادرا کے کیریئرز پورٹل پر دستیاب ہیں۔