بابر اعظم کا 6 سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ
پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے 6 سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے، جس نے انہیں بطور مہمان کھلاڑی سائن کرلیا ہے۔
بابر اعظم نے آخری بار 2019 میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی تھی، جس کے بعد وہ مسلسل قومی ٹیم کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں مصروف رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا مقصد ریڈ بال کرکٹ میں مزید وقت گزارنا اور اپنی فارم کو بہتر بنانا بھی ہے۔
بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں آخری سنچری 2022 میں بنائی تھی۔ وہ طویل عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اب ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت سے انہیں ریڈ بال کرکٹ کی تیاری کا اضافی موقع ملے گا۔
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بابر اعظم کی شمولیت سے ٹیم کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے، جبکہ شائقین بھی 6 سال بعد قومی ٹیم کے کپتان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔