چمن سیکٹر پر افغان جارحیت اور دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد طالبان ہلاک

چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کی حدود میں جارحیت کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوگئے، جبکہ جارحیت کیلئے استعمال ہونے والی متعدد پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے اشتعال انگیز فائرنگ کا پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں جارحیت کرنے والی افغان طالبان رجیم کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹر اور مارٹر فائر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کی جوابی کارروائی نے افغان طالبان کی جانب سے دراندازی کے منصوبے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا اور دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی ہر قسم کی دراندازی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کیلئے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق چمن سیکٹر میں صورتحال پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Related posts