‘اچھا کھلاڑی تھا بیچارہ’، اعظم خان کا اپنے انتقال کی جعلی خبر پر دلچسپ رد عمل
پاکستانی کرکٹر اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کے انتقال سے متعلق جعلی خبر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، خبر سنتے ہی قومی کرکٹر نے اس پر دلچسپ انداز میں ردعمل دیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں اعظم خان کو اپنے انتقال کی خبر سنتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس پر ان کا ردعمل صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے اپنی موت سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اعظم خان اپنے دوستوں کے ہمراہ فیک نیوز پر ہنستے نظر آتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ اچھا کھلاڑی تھا، بیچارہ۔ ایک دن پاکستان کے لیے کھیلنے والا تھا۔
سوشل میڈیا پر معروف شخصیات کے حوالے سے جھوٹی خبریں اور جعلی ویڈیوز سامنے آنا کوئی نئی بات نہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ویڈیوز اور تبدیل شدہ ویڈیو کلپس کی وجہ سے اصل اور جعلی مواد میں فرق کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی شوبز اور دیگر معروف شخصیات کی موت سے متعلق بھی ایسی جھوٹی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔
28 سالہ اعظم خان نے آخری مرتبہ 6 جون 2024 کو امریکی شہر ڈیلاس میں امریکی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ وہ پاکستان کی جانب سے اب تک 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 88 رنز بنائے ہیں۔
اعظم خان اس دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں سرگرم رہے اور 2026 کی پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی۔ فروری 2026 میں ہونے والی پہلی پی ایس ایل نیلامی میں کراچی کنگز نے انہیں 3.25 کروڑ پاکستانی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ اعظم خان نے ایونٹ میں راولپنڈی کے خلاف 74 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
کراچی کنگز نے آئندہ پی ایس ایل سیزن کے لیے بھی اعظم خان کو برقرار رکھا ہے اور 2026 کی نیلامی کے بعد جاری کردہ اسکواڈ میں ان کا نام شامل ہے۔