9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے پر بلا جھجھک طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے، کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش سے فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا، افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جُرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی سیکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاری اور علاقائی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جب کہ شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شرکا کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں، ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لازم ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے۔
فورم نے کہا کہ یہ بھی ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ دہشت گردی کی وجوہات اور معاملات پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم ٹیررگٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے جس کے لیے پولیس کی استعدادِ کار کو بھی بڑھانا ہوگا۔
فورم نے اتفاق کیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے، کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلا امتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اس کو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اظہار برہمی کیا جب کہ شرکا نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
شرکائے کانفرنس نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
اپنے اختتامی خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے تمام فارمیشنز کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ جاری رکھیں۔
عاصم منیر نے عزم کا اظہار کیا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔