ون ڈے ورلڈ کپ 2027: پاکستان اور بھارت کتنی مرتبہ آمنے سامنے آسکتے ہیں؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے نئے فارمیٹ کے باعث روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ہی ٹورنامنٹ میں زیادہ سے زیادہ 3 مقابلوں کا امکان پیدا ہوگیا ہے، دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے میں 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں مدمقابل ہوں گی جب کہ سپر 7 مرحلے اور اس کے بعد سیمی فائنل یا فائنل میں بھی ایک دوسرے کے سامنے آسکتی ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے لیے پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے، نئے فارمیٹ کے تحت دونوں روایتی حریف ٹورنامنٹ میں زیادہ سے زیادہ 3 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتے ہیں۔
ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، افغانستان، شریک میزبان زمبابوے اور ایک کوالیفائر کے ساتھ رکھا گیا ہے جب کہ گروپ بی میں جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، سری لنکا، بنگلادیش اور ایک کوالیفائر شامل ہوگا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ مرحلے کا میچ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
نئے فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ سے 3 بہترین ٹیمیں سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جب کہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
سپر 7 مرحلے میں 7 ٹیمیں راؤنڈ رابن بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی، جس کے بعد ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اگر پاکستان اور بھارت دونوں سپر 7 مرحلے میں پہنچ جاتے ہیں تو دونوں ٹیموں کا 7 نومبر کو کیپ ٹاؤن میں ایک بار پھر سامنا ہوسکتا ہے۔
اس کے بعد اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہیں تو ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تیسرا مقابلہ بھی ممکن ہوگا۔ 2027 کا ورلڈ کپ 14 ٹیموں پر مشتمل ہوگا اور ناک آؤٹ مرحلے سے قبل 3 مرحلوں میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب 2027 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ میں بھی ایک سے زائد مقابلے ہونے کا امکان موجود ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل تک پہنچتی ہیں تو وہاں بھی ایک سے زیادہ مرتبہ آمنے سامنے آسکتی ہیں۔
اس طرح 2027 میں تقریباً 6 ماہ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان 4 ون ڈے میچز کھیلے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے جب کہ ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں دونوں ٹیموں کے ٹکرانے کی صورت میں یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
تاہم فی الحال پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 3 اکتوبر کو جاپان کے شہر نِشین میں ایشین گیمز کے مینز کرکٹ فائنل میں گولڈ میڈل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ ایشین گیمز کا پاکستان اور بھارت کے درمیان گولڈ میڈل میچ 3 اکتوبر کو صبح ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔