مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرول اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر سکتی ہے، جس کا نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ 15 اکتوبر کو جاری کرے گی۔ نئی قیمتیں 16 اکتوبر 2025 کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں نافذ ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 262 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 97 پیسے کمی متوقع ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 275 روپے 84 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے، جس کے بعد ان کی ممکنہ نئی قیمتیں بالترتیب 182 روپے 22 پیسے اور 163 روپے 86 پیسے فی لیٹر رہ جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں نسبتاً استحکام کے باعث حکومت کو قیمتوں میں ریلیف دینے کا موقع ملا ہے۔
اس وقت پیٹرول کا ایکس ریفائنری ریٹ 162 روپے 96 پیسے سے کم ہو کر 156 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے، جبکہ ڈیزل کا ایکس ریفائنری ریٹ 174 روپے 28 پیسے سے کم ہو کر 173 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق یہ کمی عالمی مارکیٹ میں ہلکی طلب میں کمی اور قیمتوں کی جزوی اصلاح کا نتیجہ ہے۔ فی الحال پیٹرول کا امپورٹ پریمیم 6.62 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کا 3.20 ڈالر فی بیرل ہے۔
قومی سطح پر پیٹرول پر 80 روپے 52 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل پر 79 روپے 51 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی اور کاربن سرچارج عائد ہے۔ ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن (IFEM) پیٹرول کے لیے 8 روپے 69 پیسے جبکہ ڈیزل کے لیے 6 روپے 19 پیسے فی لیٹر ہے، اور اس جائزے کے دوران کسی قسم کی ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ شامل نہیں کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ کمی سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ کمی اور ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی متوقع ہے۔ اسی طرح روپے کے استحکام اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نرمی نے وقتی طور پر صارفین کو ریلیف دینے کی گنجائش پیدا کی ہے۔
وزارتِ خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کل کرے گی، جس کے بعد عوام کے لیے پندرہ روزہ نیا قیمتوں کا فارمولا نافذ ہو جائے گا۔